کراچی: پولیس اہلکاروں کی انوکھی ڈکیتی، شو روم مالک سے 34 لاکھ لوٹ لیے

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پولیس اہلکاروں کی انوکھی ڈکیتی ، بن قاسم کے علاقے میں ڈیڑھ ماہ قبل وردی میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے کار شو روم مالک سے لاکھوں روپے لوٹ لئے ، پولیس ابتک سراغ نہیں لگا سکی۔

بن قاسم کے علاقے میں ڈیڑھ ماہ قبل وردی میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے کار شو روم مالک سے لاکھوں روپے لوٹ لئے ، پولیس ابتک سراغ نہیں لگا سکی۔ ایک درجن پولیس اہلکار بغیر کسی خوف کے بکتر بند اور پولیس موبائلوں میں کار شو روم پہنچے۔

دوپہر تین بجے تمام افراد کو یرغمال بنانے کے بعد 34 لاکھ روپے نقدی اور گاڑیوں کے کاغذات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تمام پولیس اہلکاروں نے پولیس یونیفارم اور سرکاری اسلحہ استعمال کیا۔ پکڑے جانے کے خوف سے بکتر بند اور پولیس موبائلوں کی نمبر پلیٹس پر مٹی چپکا دی تھی۔

شو روم کے مالک کو بن قاسم تھانے میں درخواست جمع کرائے ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزر گیا۔ وہ ڈیڑھ ماہ سے انصاف کے لیے پھر رہا ہے۔ شوروم مالکان نے ایس ایس پی ملیر کو درخواست جمع کرائی تھی جس میں تمام واقعہ تحریر کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ مدعی سمیت متعدد بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔