کراچی بارش : مختلف واقعات میں 24 افراد جان کی بازی ہار گئے

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے، ڈوبنے اور چھت گرجانے سے چوبیس گھنٹوں کے دوران چوبیس افراد جاں بحق ہوگئے۔ شہر میں باران رحمت جہاں کئی لوگوں کیلئے رحمت بنی تو کئی افراد کیلئے زحمت بھی بن گئی، ریسکیو ذرائع کے مطابق گلستان جوہر پی آئی اے سوسائٹی میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون اور بیٹا جاں بحق ہوگئے، جوہر کمپلیکس پر کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بفرزون بنگالی پاڑہ میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا، ماڑی پور روڈ پر نالے سے ایک شخص کی لاش ملی، منگھوپیر کنواری کالونی میں برساتی ندی میں تین بچے ڈوب کر ہلاک ہوگئے، لاش ملی،سخی حسن نالے سے آٹھ سالہ بچے کی لاش ملی ہے۔ڈیفنس میں کے ای ایس سی آفس کے قریب چالیس سالہ شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا ،سرجانی کے علاقے سیف المری گوٹھ میں بھی کرنٹ لگنے سے دو افراد جان سے گئے۔

ملیر پندرہ میں کرنٹ لگنے سے پچیس سالہ راشدنامی شخص زندگی کی بازی ہار گیا، ناظم آباد پاپوش نگر میں بھی کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، ادھر کورنگی کے علاقے فائیو جے بارش کے دوران دو بچے نالے میں ڈوب جانے کے باعث دم توڑ گئے، نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن کے قریب کھلے نالے میں بچہ ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، گلزار ہجری کے علاقے میں رہائشی عمارت کی چھت کا ایک حصہ منہدم ہوجانے سے تین سالہ بچہ جاں بحق ہوا۔

دوسری جانب گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب موسلا دھار بارش کے باعث سی این جی اسٹیشن کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کیلئے ھسپتال منتقل کردیا گیا۔ ھسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونیوالے تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سرجانی ٹاون کے علاقے میں نالے میں ڈوب کر پانچ سالہ بچہ ہلاک ہوگیا۔