کراچی، رینجرز مقابلہ، پولیس بس پر بم حملے میں ملوث دو دہشتگرد ہلاک

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) گلشن بونیر کراچی میں رینجرز سے مقابلے میں رزاق آباد پولیس بس دھماکے میں ملوث کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

کراچی کے علاقے گلشن بونیر میں رینجرز اور پولیس نے کالعدم تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔ ملزموں نے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، دستی بم پھینکے جس سے دو رینجرز اہلکار زخمی ہو گئے۔

رینجرز اور پولیس کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ ملزموں کے قبضے سے کلاشنکوف، ایک ٹی ٹی پستول اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد ممکنہ طور پر رزاق آباد پولیس بس دھماکے میں ملوث تھے۔

اس سے پہلے کراچی پولیس نے اطلاع ملنے پر سول ہسپتال میں چھاپہ مار کر ملزم سعید بلا کو گرفتار کر لیا۔مخالف گروہ کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا سعید بلا سول ہسپتال میں زیرعلاج تھا۔ پولیس کے مطابق سعید بلا کا تعلق بابا لاڈلا گروپ سے ہے۔ملزم بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

دوسری طرف لیاری جھٹ پٹ مارکیٹ میں فائرنگ سے رحمان ڈکیت کا قریبی رشتے دار کامران بلوچ مارا گیا۔

پولیس کے مطابق لیاری جونا مسجد کے قریب ایک ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی ہے۔ قائد آباد، ملیر اور لیاری کمیلہ اسٹاپ کے قریب بھی نامعلوم افرادنے فائرنگ کر کے تین افراد کو قتل کر دیا۔