کراچی : رینجرز کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن، 34 ملزم گرفتار

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم اور سیاسی تنظیموں کے 8 ٹارگٹ کلرز اور 13بھتہ خوروں سمیت 34 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کراچی میں رینجرز نے جرائم پیشہ عناصر اور دہشتگردوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر رکھا ہے۔ رینجرز زرائع کے مطابق کورنگی کے علاقے میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کئے جانے والے آپریشن میں سیاسی جماعت کے مبینہ ٹارگٹ کلر اعجاز عرف کالا منا کو گرفتار کیا گیا۔

سہراب گوٹھ جنجال گوٹھ سے کالعدم تحریک طالبان کے 2 مبینہ دہشتگردوں سمیت 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ رینجرز کی جانب سے پاپوش نگر، اورنگی ٹان، فرنٹئیر موڑ، نیپیئر اور برنس روڈ پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 14 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا گیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد میں 8 بھتہ خور بھی شامل ہیں جن سے مختلف مقامات پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاریوں کے لئے بھی کاروائیوں کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب دو حساس اداروں کی جانب سے رینجرز کے ساتھ ٹیلیفون ٹریسنگ کی سہولت اور انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔