حکومت کا 9 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) دہشتگردی کے آسیب سے نمٹنے کیلئے موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا عندیہ دیا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر یہ کانفرنس ابھی تک منعقد نہیں ہو سکی ہے۔ اب وزیر داخلہ چوہدری نثار نے 9 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ چودھری نثار نے اپوزیشن رہنماں سے رابطے اے پی سی پر مشاورت اور شرکت کے لئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو دعوت دے دی۔ وزیر داخلہ نے عمران خان، مولانا منور حسن، مولانا فضل الرحمان، فاروق ستار، اسفند یار ولی، حاصل بزنجو، محمودخان اچکزئی کو بھی فون کیا۔

انہوں نے چودھری شجاعت، امتیاز شیخ اور علامہ ساجد میر سے بھی رابطہ کیا اور وزیر اعظم کی طرف سے 9 ستمبر کو آل پارٹیز میں شرکت کی دعوت دی۔ ذرائع کے مطابق اے این پی کے رہنما اسفند یار ولی خان نے اے پی سی میں شرکت سے معذرت کرلی ہے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لئے رضامند ہو گئے ہیں۔

اور انہوں نے چودھری نثار کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ حکومت کے مطابق پچھلی مرتبہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد میں عمران خان کے بیرون ملک جانے کی وجہ سے تاخیر ہوئی تھی۔ عمران خان نے شرط رکھی تھی کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے قبل ان کی وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات کرائی جائے۔

ذرائع کے ذرائع کے مطابق حکومت اے پی سی میں شرکت کیلئے عمران خان کی شرائط ماننے کو تیار ہو گئی ہے اے پی سی سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کی وزیر اعظم محمد نواز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کروائی جائے گی. اہم ملاقات میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلی بھی شریک ہونگے۔