کراچی: رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں، 4 بھتہ خوروں سمیت 14 ملزمان گرفتار

Rangers Operations

Rangers Operations

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی کارروائی میں چار بھتہ خوروں سمیت چودہ ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔

کراچی میں پر تشدد واقعات تھمنے کا نام نہیں لے رہے، رینجرز نے کنواری کالونی سے نو ملزمان کو گرفتار کر کے ایک مغوی بازیاب کرا لیا، کنور محمود نامی شخص کو کٹی پہاڑی سے اغواء کیا گیا تھا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں کالعدم تنطیم کے کارندے بھی شامل ہیں، جن سے مختلف ہتھیار بھی برآمد ہوئے، گرفتار ملزمان سے گذشتہ روز رینجرز موبائل پر حملے کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

بلدیہ ٹاؤن اور لیاقت آباد سپر مارکیٹ سے چار بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، سہراب گوٹھ میں انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کر تے ہوئے کالعدم تنظیم کا عہدیدار گرفتار کر لیا۔

رات گئے لی مارکیٹ پھول چوک کے قریب گینگ وار کے دو مسلح ملزمان جان محمد عرف جانو اور جاوید عرف کرنٹ پولیس سے مقابلے میں مارے گئے، ادھر حساس اداروں کیجانب سے سینٹرل جیل پر ممکنہ حملوں کے پیش نظر جیل کے اطراف سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔