کراچی : رینجرزاور پولیس کا سرچ آپریشن، متعدد افراد زیر حراست

Karachi

Karachi

کراچی(جیوڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے جس کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ کنواری کالونی سے کالعدم تنظیم کے کارکن کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ کلفٹن کے علاقے شاہ رسول کالونی اور نیلم کالونی میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے جس میں12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے،

پولیس کے مطابق چوری اور چھینی گئی تین موٹر سائیکلیں اور ایک ہتھیار بھی برآمد کیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران ریپڈ رسپانس فورس اور ساتھ زون کی نفری حصہ لے رہی ہے۔ ایس ایس پی ساتھ ناصر آفتاب کے مطابق آپریشن کے دوران پولیس کے پاس موجود کرمنل ریکارڈ رکھنے والے ملزمان کے خلاف کاررائی کی جارہی ہے۔

اس سے قبل منگھو پیر کے علاقے کنواری کالونی میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے کئے جانے والے آپریشن کے دوران 29 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، اس آپریشن میں بھاری تعداد میں اہلکاروں نے حصہ لیا۔

ایس پی اورنگی چوہدری اسد کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران پکڑے گئے ملزمان میں ایک ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جس کے قبضے سے 6 مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔