کراچی کی صورتحال پر غور، وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہو گا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہو گا، گور نر اور وزیر اعلی سندھ بھی اجلاس میں شرکت کرینگے۔ حکومت نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کو دی گئی دعوت واپس لے لی۔ متحدہ نے احتجاجا وزیراعظم سے فاروق ستار کی ون ٹو ون ملاقات کی پیشکش بھی مسترد کر دی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلی سید قائم علی شاہ اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کرینگے۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان شہر کے حالات سے متعلق رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کریں گے۔ اجلاس میں کراچی میں قیام امن سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی جسے حکومت نے اچانک واپس لے لیا۔ حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ گورنر سندھ ایم کیو ایم کے نمائندے کے طور پر اجلاس میں شریک ہونگے۔ ایم کیو ایم نے اس اقدام پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ متحدہ کا کہنا ہے گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے کسی سیاسی جماعت کا نہیں۔