کراچی: ایس پی کے بیٹے کی پولیس گردی، نوجوان اور پولیس اہلکار ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس افسر کے بیٹے نے گھر میں گھس کر پولیس محافظوں کے ساتھ فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کر دیا، بنگلے کے محافظوں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور نوجوان زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ حملے میں ملوث ایک پولیس اہلکار مارا گیا اور ایک زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے خیابان شمشیرمیں اسڑیٹ نمبر 30 پر 19 سالہ سلیمان لاشاری کے بنگلے میں اس کا دوست اور پولیس کے ایس پی سرور ابڑو کا بیٹا سلمان ابڑو اپنے محافظوں کے ہمراہ آیا اور اس نے گھر میں جاکر سلیمان لاشاری کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، جس کے بعد سلیمان لاشاری کے محافظ جو گیٹ پر تعینات تھے انھوں نے فائرنگ کرتے ہوئے سلمان ابڑو کو بھی گولی مار کر زخمی کر دیا، حملہ آوروں میں آنے والا پولیس اہلکار ظہیر بھی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا اور ایک پولیس اہلکار عمران زخمی ہوا، علی غلام نامی شخص بھی گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہو گیا۔

ایس ایس پی ساوٴتھ اور ایس پی کلفٹن عبادت نثار کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جا ری ہے، تاہم واقعہ جھگڑے کا شاخسانہ لگتا ہے۔ پولیس نے مقتول سلمان لاشاری کے گھر میں گھس کر حملہ کرنے والے سلمان ابڑو کو کلفٹن میں واقع ضیاالدین اسپتال سے نفری لگاکر گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کی ریڑھ کی ہڈی میں گولی لگی ہے اور وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔ حملے میں سکرنڈ پولیس سے وابستہ 4 پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ حملے میں استعمال ہونے والی ایک بلیک ویگو کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، مرنے والے پولیس اہلکار ظہیر اور سلیمان لاشاری کی لاشوں کو پولیس کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔