کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری، 7 افراد قتل

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے پیر آباد میں پولیس مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ادھر وزیر اعظم کی موجودگی کے باوجود فائرنگ اور تشدد کے واقعات نہ روکے جاسکے۔ آج بھی 7 افراد کی لاشیں گرا دی گئیں۔ پولیس کے مطابق پیر آباد کے علاقے میں پانچ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا اور گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔

مقابلے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ تین فرار ہو گئے۔ پولیس نے دہشتگردوں کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور دو کریکر بم برآمد کر لئے۔ ایس پی اورنگی چودھری اسد کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ دوسری طرف شہر قائد میں لاشیں گرنے اور ملنے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ اورنگی ٹان میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ گلستان جوہر محکمہ موسمیات کے قریب ظہیر نامی شخص کو گولیاں مار کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ میٹروویل سائٹ ضیا کالونی میں طاہر اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پچاس سالہ اعجاز حسین کو قتل کر دیا گیا۔ لیاری جہان آباد میں گھر سے چوبیس سالہ زاہد کی لاش ملی ہے جسے گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ گرومندر میں بھی گولیاں مار کر ایک شخص کی زندگی کا خاتمہ کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔