مقبوضہ کشمیر میں بچے کے سامنے نانا کا قتل، واقعہ نے دل ہلا دیئے: وزیر خارجہ

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہا ہو گئی۔ بچے کے سامنے نانا کو قتل کرنے کے واقعہ نے دل ہلا دیئے ہیں۔

وزیر خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے بڑی بربریت کا عملی مظاہرہ نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیر کا واقعہ ماورائے عدالت قتل کے زمرے میں آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کو تمام صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ یورپی یونین کو واقعہ کا نوٹس لینا چاہیے۔ پاکستان نے ہر فورم پر کشمیر میں مظالم پر آواز اٹھائی آئندہ بھی اس واقعہ کو ہر فورم پر اٹھائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں مظالم چھپانے کی کوشش کرتا ہے، اس لیے انٹرنیٹ بھی بند کر رکھا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں کب تک خاموش رہیں گی؟ مظلوم کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانا انسانی تقاضا ہے۔