مقبوضہ کشمیر معاملے پر سلامتی کونسل کا آج اجلاس

Security Council Meeting

Security Council Meeting

نیویارک (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کے دوست ملک چین کی درخواست پر مقبوضہ کشمیر معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس آج ہو گا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس چین کی درخواست پر بلایا گیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کی جائے گی۔

یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی 12 دسمبر کو سلامتی کونسل کو خط لکھا تھا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی تھی۔

رواں برس اگست میں بھی چین کے مطالبے پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں 15 رکن ممالک کے مندوبین شریک ہوئے تھے۔

اس دوران یو این ملٹری ایڈوائزر جنرل کارلوس لوئٹے نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی تھی۔

اس موقع پر چینی مندوب ژینگ جون کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام نے چین کی خود مختاری کو بھی چیلنج کیا ہے۔

بھارت کو کشمیر میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بعد اب مسلم مخالف متنازع شہریت بل منظور کیے جانے پر بھی شدید تنقید کا سامنا ہے جب کہ اس کی مختلف ریاستوں میں شدید احتجاج بھی جاری ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت میں متنازع شہریت قانون کا معاملہ پاکستان عالمی سطح اٹھائے گا اور بھارت کے معاملے میں خاموش ملکوں کو بھی خاموشی توڑنی چاہیے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں متنازع شہریت قانو ن میں مسلمانوں سے امتیازی سلوک کیا گیا ہے جس پر امریکا،کینیڈا اور بعض ملکوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں متنازع شہریت قانون پر ریاستیں مرکز کے سامنے آگئی ہیں جب کہ بھارتی سپریم کورٹ کے جج کا بھی کہنا ہے کہ حکومتی تشدد ختم ہونے تک کیس نہیں سنیں گے۔