رکھ مرغائی کے جنگل میں اندھیر نگری مستوئی قبیلہ کے 150لوگوں نے محکمہ جنگلات کی اراضی پر قبضہ کر کے اپنے خیمے لگا ڈالے

راجن پور (حنیف بلوچ سے ) رکھ مرغائی کے جنگل میں اندھیر نگری مستوئی قبیلہ کے 150لوگوں نے محکمہ جنگلات کی اراضی پر قبضہ کر کے اپنے خیمے لگاڈالے ،محکمہ جنگلات کی جانب سے ایف آئی آر درج کرانے کے لئے پولیس سے رابطے۔تفصیل کے مطابق الیکشن کی آمد آمد قبضہ مافیا نے زمینوں پر قبضے کے لئے لنگوٹ کس لئے صرف رکھ مرغائی کے جنگلات کی اراضی پر مستوئی قبیلہ نے جا کر خیمے لگا دیئے۔

سینکڑوں ایکڑ اراضی ہتھیانے کے لئے مسلح ہوکر زبردستی قبضہ کر لیا محکمہ جنگلات کا عملہ بے بس پولیس کو شکائت درج کرادی جس پر درجنوں قبضہ مافیا کو پولیس تھانہ میں لے آئی تاہم قبضہ تاحال برقرار ہے ۔اس سے قبل بھی رکھ بنگالہ میں ایک زمیندارجنگلات کی اراضی پر زبردستی پندرہ ایکڑ رقبہ پر قبضہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق جونہی الیکشن قریب آتے ہیں تو اس وقت قبضہ مافیا حرکت میں آتا ہے اور سینکڑوں سرکاری اراضی پر قبضہ کر لیتے ہیں یہ وقت ان کے لئے اس لحاظ سے بھی موذوں ہوتا ہے۔

کیونکہ اس وقت تمام پارٹیوں کوالیکشن جیتنے کے لئے ایک ایک ووٹ کی اشد ضرورت ہوتی ہے اسی لئے اگر پولیس ان کے آڑے غلطی سے آ بھی جائے تو ایک فون کال کام کر جاتی ہے اور قبضہ مافیا با عزت طور پر تھانے کے باہر ہوتے ہیں ۔عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ جوں جوں الیکشن قریب آتے جائیں گے جنگلات کے رقبہ اور سرکاری اراضی کی خیر نہیں چاہے کتنا ہی بڑا افسر آڑے آجائے قبضہ مافیا کا بال بھی بانکا نہیں کر سکتے۔