کیری سے ملاقات، عمران خان کی سفارتخانے جانے سے معذرت

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کے لیے امریکی سفارتخانے میں جانے سے معذرت کر لی، کسی اور مقام پر ملاقات کے لیے رضامند۔ اسلام آباد ذرائع کے مطابق امریکی سفارتکاروں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے رابطہ کیا اور ان سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ ملاقات کے لیے وقت مانگا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مشروط ملاقات پر رضامندی ظاہر کر دی۔ عمران خان کا موقف تھا کہ وہ سفارتخانے سے باہر کسی اور مقام پر ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

عمران خان کی شرائط پوری ہونے پر ملاقات کل کسی بھی وقت متوقع ہے جس میں عمران خان امریکی وزیر خارجہ کے سامنے ڈرون حملوں کی تباہ کاریاں اور حملے روکنے کا معاملہ اٹھائیں گے اور دہشتگردی کی جنگ سے پاکستان کو ہونے والے نقصان پر بات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران کیری ملاقات میں فاٹا اور افغانستان کی صورتحال پر بات ہو گی۔ عمران خان پاکستان کو دہشتگردی کی جنگ سے الگ رکھنے کا مطالبہ بھی کریں گے۔ تحریک انصاف کی ترجمان ڈاکٹر شیریں مزاری نے بھی ان رابطوں کی تصدیق کی ہے۔