خامنہ ای کی عراق میں امریکا سمیت کسی بھی ملک کی مداخلت کی مخالفت

Ayatollah Ali Khamenei

Ayatollah Ali Khamenei

تہران (جیوڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے عراق میں امریکا یا کسی اور ملک کی مداخلت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی عوام خود تشدد کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے عدلیہ کے حکام سے خطاب میں کہا ہے کہ امریکا عراق کو اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتا ہے اور اسی لیے اپنے آلہ کاروں کو اقتدار دلانا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عراق کا تنازع فرقہ وارانہ نوعیت کا نہیں ہے بلکہ ان لوگوں کے درمیان ہے جو عراق کو امریکا کے کیمپ میں رکھنا چاہتے ہیں یا جو اس کو آزاد دیکھنا چاہتے ہیں۔

علی خامنہ ای نے کہا کہ ہم امریکا یا دوسرے ممالک کی عراق میں مداخلت کے سخت مخالف ہیں، ہم اس کی حمایت نہیں کرتے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ عراقی حکومت ، قوم اور مذہبی حکام بغاوت کے خاتمے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔