خیبرایجنسی: نیٹوکنٹینرز پر حملے، کنڈیکٹر ہلاک، آپریشن میں 3 شدت پسند مارے گئے

Khyber Agency Attack

Khyber Agency Attack

بنوں (جیوڈیسک) جمرود میں نیٹو فورسز کیلیے سامان لے جانیوالے کنٹینرز پر مختلف مقامات پر 3 حملوں میں ایک کنڈیکٹر جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔ پہلا واقعہ جمرود بائی پاس کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے کنٹینر کا ڈرائیور طاہر اللہ اور کلینر زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلیے پشاور منتقل کر دیا گیا۔

دوسرا واقعہ رحیم پل کے قریب پیش آیا جہاں نیٹو کنٹینر پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس میں کنڈیکٹر انعام جاں بحق اور ڈرائیور لاشبر زخمی ہو گیا۔ تیسرا واقعہ سورکمر کے قریب پیش آیا جہاں سڑک کنارے نصب بم اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب نیٹو کنٹینر وہاں سے گزر رہے تھے تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ حوالداری چوکی کے قریب نصب دوسرے بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔ حملوں کے بعد سرچ آپریشن میں 80 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ لنڈی کوتل کے علاقہ خوجل خیل میں ایف سی کے آپریشن میں 3 شدت پسند ہلاک اور دو جوان زخمی ہو گئے۔