خیبرایجنسی میں اونٹوں کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا بڑا منصوبہ ناکام

Khyber Agency

Khyber Agency

خیبرایجنسی (جیوڈیسک) خیبرایجنسی میں فرنٹیر کور کی کارروائی کے دوران فورس نے منشیات اسمگلنگ کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 6 ہزار کلو گرام چرس برآمد کرلی۔ چرس افغانستان سے اونٹوں کے ذریعے خیبر ایجنسی لائی گئی۔ فرنٹیئر کور نے کارروائی کی خیبر ایجنسی کے علاقہ شلمان میں جہاں افغانستان سے اونٹوں پر لاد کرچرس سمگل کی گئی۔

سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 150 بوریوں میں بند چھ ہزار کلو گرام چرس قبضے میں لے لی۔ پانچ افغان سمگلروں کو بھی گرفتار کیاگیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور ایک لاکھ 85 ہزار پاکستانی اور افغانی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔ چرس کی مالیت عالمی منڈی میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔

خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں سے درجنوں ایسے خفیہ راستے نکلتے ہیں جو کئی سالوں سے منشیات سمگلرز استعمال کر رہے ہیں۔ شلمان وادی میں کی گئی کارروائی ایک بڑی کامیابی ہے۔