خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے امکانات روشن

Khyber Pakhtunkhwa

Khyber Pakhtunkhwa

پشاور(جیوڈیسک)خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، آج شام وزارت اعلی کے لیے امیدوار کے نام کا علان متوقع ہے۔خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف نے حکومت بنانے کے لئے عددی اکثریت حاصل کرنے کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے جے یو آئی کو پہلے ہی ناک آٹ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے مابین معاملات طے پا گئے ہیں۔ جماعت اسلامی نے ایک سینئر وزیر اور دو وزارتیں طلب کی ہیں جبکہ قومی وطن پارٹی کو بھی تین وزارتیں ملیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی جمہوری اتحاد کے تین ارکان بھی تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کرنے والے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت میں ان کو بھی ایک وزارت دی جائے گی۔ پانچ آزاد ارکان نے بھی تحریک انصاف کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) نے قومی وطن پارٹی، جماعت اسلامی اور آزاد ارکان سے رابطے کئے تاہم کامیابی نہیں ہوئی۔

ادھر خیبر پختونخوا کی وزارت اعلی کے لئے پرویز خٹک اور اسد قیصرمیں سرد جنگ جاری ہے۔ پرویز خٹک اور اعظم سواتی آج عمران خان سے لاہور میں ملاقات میں سیاسی صورتحال اور سیاسی جماعتوں سے رابطوں سے آگاہ کریں گے جبکہ وزارت اعلی کے منصب کے فیصلے کا اعلان بھی آج متوقع ہے۔