کورنگی کنوئیں کی کھدائی کے دوران 2 مزدور ڈوب گئے لاش برآمد

Korangi Wells

Korangi Wells

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات ودیگر واقعات میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی تھانے کے علاقے کورنگی سیکٹر 9 بلال کالونی بھینس کالونی میں واقع X-23 منی بس اسٹاپ کے قریب واقع شیر محمد کے بھینسوں کے باڑے میں کنویں کی کھدائی کے دوران دو مزدور 35 سالہ مشہود خان ولد حضرت خان اور 50 سالہ حضرت عمر ولد محمد یوسف دماغ میں گیس چڑھنے کی وجہ سے بے ہوش ہوکر کنویں میں گر گئے، پولیس اور اہل محلہ کی بڑی تعداد مذکورہ مقام پر پہنچ گئی، ریسکیو کی ٹیموں نےچار گھنٹے کی جدو جہد کے بعد 35 سالہ مشہود خان کی لاش نکال لی جبکہ اندھیرا ہونے کی وجہ سے مزدوروں کو حضرت عمر کی لاش نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس ضمن میں ایس ایچ او احمد بٹ کا کہنا ہے کہ کنویں میں ڈوبنے والے دونوں مزدور چار ماہ سے کنویں کی کھدائی کرر ہے تھے جس کی گہرائی کم سے کم 110 فٹ ہے، ڈوبنے والے دونوں مزدور کنویں میں پانی کی موٹر کی فٹنگ کیلئے نیچے اترے تھے کہ کنویں میں گیس ہونے کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوکر پانی میں گر گئے ،پولیس کے مطابق ڈوبنے والے دونوں مزدور سہراب گوٹھ کے رہائشی ہیں اور انکا آبائی تعلق مہمند ایجنسی سے ہے۔ دریں اثناءسائٹ اے تھا نے کی حدود شیرشاہ میں نجی کمپنی میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 35سالہ عامر کی حالت غیر ہو گئی جسے تشویش ناک حالت میں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا تے ہو ئے دوران علاج چل بسا۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش کو ورثاءکے حوالے کر دیا۔پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 مجاہد کالو نی میں گھر کی چھت گر نے سے62سالہ الیاس جاں بحق ہو گیا۔ گلشن معمار تھا نے کی حدود ناردرن بائی پاس عباس کٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں 30 سالہ ربنواز ولد صدیق اور محمد نواز ولد ڈنو شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لا تے ہو ئے رب نواز دوران علاج دم توڑ گیا۔