محنت کشوں واقلیتوں کیلئے راج کمار کی خدمات توصیفی و تاریخ ساز ہیں، زبیر خان

کراچی : کراچی میں موجود ہندو، سکھ، پارسی، بہائی، عیسائی اور دیگر اقلیتوں کے سماجی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی مسائل کے حل اور اقلیتوں کے محنت کش طبقات کے سماجی ومعاشی تحفظ کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر محمد زبیر خان کی ہدایت پر لیبر ونگ سندھ کے صدر نمروز خان نے شری ہنس راج کمار المعروف راجکمار کو” لیبر ونگ اقلیتی امور”کراچی کا صدر مقرر کردیا ہے اور راجکمار نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

راجکمار کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی صدر محمد زبیر خان’ صدر لیبر ونگ سندھ نمروز خان، صدر لیبر ونگ کراچی اجمل مغل و دیگر نے کہا کہ محنت کشوں اور اقلیتوں کے حقوق و تحفظ کے حوالے سے راجکمار کی خدمات قابل تعریف وتوصیف ہیںاورراجکمار پارٹی کی سیاسی، نظریاتی اور تنظیمی بقاء وارتقاء کیلئے اپنی صلاحیتوں کا علیٰ مظاہرہ کرتے ہوئے اقلیتوں اور محنت کشوں کیلئے تاریخ ساز خدمات انجام دیں گے۔

اس موقع پر راجکمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لیبر ونگ اقلیتی امور کراچی کے صدر کی حیثیت سے میری تقرری محنت کشوں اور اقلیتوں کے حقوق و تحفظ کیلئے جاری میری خدمات کا اعتراف و حوصلہ افزائی ہے جس کیلئے میں چیئرمین عمران خان، مرکزی صدر محمد ذبیر خان، لیبر ونگ سندھ کے صدر نمروز خان، لیبر ونگ کراچی کے صدر اجمل مغل اور اپنے تمام تحریکی ساتھیوں کا شکر گزار ہوں۔

یقین دلاتا ہوں کہ محنت کشوں اوراقلیتوں کے سیاسی، سماجی، معاشی ومعاشرتی تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے میری جدوجہد و خدمات مزید وسعت اختیار کریںگی۔ پاکستان تحریک انصاف پر محنت کشوں و اقلیتوں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔