مزدوروں کو جائز حقوق دیئے بغیر ملک میں ترقی ممکن نہیں، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں غریب مزدور طبقے کو انکے جائز حقوق کی فراہمی ممکن بناکر ہی ملک میں تبدیلی اور ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

محنت کشوں کےعالمی دن کے حوالے سے لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مزدوروں کو قدرکی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں مگر بد قسمتی سے ہمارے ملک میں مزدور طبقے کو انکے بنیادی حقوق میسر نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 65 برسوں سے پاکستان کے اقتدار پر قابض جاگیر داروں، وڈیروں، سرمایہ داروں نے ملک کے مزدور طبقے کو اپنا غلام بنا کر رکھا ہے اور آج تک ا نہیں وہ بنیادی حقوق فراہم نہیں کئے گئے جودنیا بھر کے تہذیب یافتہ ممالک کے مزدور طبقے کو میسر ہیں یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان معاشی لحاظ سے بھی پستی کا شکار ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں اس ملک کے مزدوروں کی محنت اور انکا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اوراگرملک کی ترقی میں محنت اور مزدوروں کی اہمیت کو فراموش کر دیا جائے تو وہ ملک تبدیلی و ترقی سے یکسر محروم ہوجاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں مزدور طبقے کو بنیادی مراعات، سہولیات اور وہ آسائش نہیں دی جاتیں جس سے وہ خود اور ان کے اہل خانہ مستفید ہو سکیں۔

بد قسمتی سے پاکستان ابتدا ء ہی سے ایسے دہرے نظام کا شکار رہا ہے جس میں 2 فیصد مراعات یافتہ طبقہ ہر دور میں عیش و آرام کی زندگی بسر کر تا ہے جبکہ 98 فیصد غریب متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو صحت، تعلیم، خوراک جیسی بنیادی انسانی زندگی کی سہولیات حاصل کرنے کے لیے بھی تگ و دو کر نی پڑتی ہے۔