’لادی گینگ کے سرغنہ کو جہنم واصل کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں‘

 Usman Bazdar

Usman Bazdar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لادی گینگ کے سرغنہ کو جہنم واصل کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔

اپنے ایک بیان میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لادی گینگ کے سرغنہ کی ہلاکت سی ٹی ڈی اور پولیس کا قابل فخر کارنامہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سفاک قاتل کو مقابلے میں جہنم واصل کرنے والے افسر اور اہلکار قوم کے ہیرو ہیں، حکومت پولیس افسروں اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی معترف ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاقانونیت اور دہشت پھیلانے والے ہر گینگ کا ایسا ہی عبرتناک انجام ہو گا، قانون کی عمل داری کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے لادی گینگ کے سرغنہ خدا بخش لادی کو ہلاک کر دیا تھا۔