لاہور : روٹی ختم پیسے ہضم، شہباز شریف نے ایسا کام ڈالا ہے کہ آڈٹ والے بھی پریشان ہیں،چوہدری پرویز الہی

لاہور (محمد بلال احمد بٹ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و قومی اسمبلی کے امیدوار چودھری پرویزالہی نے تنور سکیم کی آڈٹ رپورٹ میں 30 ارب روپے کے کرپشن سکینڈل کی تصدیق پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روٹی ختم پیسے ہضم، شہباز شریف نے ایسا کام ڈالا ہے کہ آڈٹ والے بھی پریشان ہیں، ہم نے ہمیشہ عام آدمی کا سوچا اور کام کر کے بھی دکھایا، عوامی خدمت کے ہمارے تاریخی کام بول بول کر کہہ رہے ہیں کہ کارکردگی کو ووٹ دیں۔

وہ گجرات کے علاقہ جمال پور میں بہت بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جہاں ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سادات برادری کی اہم شخصیات سید ضمیر حسین شاہ اور سید امجد حسین شاہ نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویزالہی نے ان کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب تمام سادات نے ہمارے ساتھ چلنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس موقع پر ملک یسین اعوان آف کشمیر پورہ، سید ضمیر حسین شاہ اور سید عظمت حسین شاہ نے خطاب کیا جبکہ سٹیج پر سید صغیر حسین شاہ، سید خرم شاہ، سید منیر شاہ، مواحد حسین، چودھری جاوید الہی، میاں عمران مسعود، ڈاکٹر خالد رحمان، سید امجد حسین، پیر فضیلت حسین شاہ، سید توحید شاہ، سید خادم شاہ اور سید سہیل شاہ موجود تھے۔

چودھری پرویزالہی نے کہا کہ ہم نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں انتقام کی سیاست نہیں کی اور نہ ہی یہ ہماری سیاست کا محور ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو مقدم جانا ہے، سید ضمیر حسین شاہ اور سید امجد حسین شاہ کی شمولیت سے اس علاقہ میں پاکستان مسلم لیگ مزید مضبوط پوزیشن میں آ گئی ہے، لوگوں کے جوش و جذبہ اور ان کی آنکھوں میں محبت اور سچائی سے نظر آتا ہے کہ گجرات پاکستان مسلم لیگ کا قلعہ ہے۔

الیکشن مہم کے دوران ایسے ایسے لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہوتے جا رہے ہیں جو کبھی ہمارے مخالف تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس جم غفیر پر میں سید شبیر حسین شاہ آف مدینہ کی مقدم برادری اور دیگر برادریوں کا بھی مشکور ہوں۔ چودھری پرویزالہی نے بطور چیف منسٹر اپنے ایڈوائزر مواحد حسین شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئندہ نسلوں کے فائدہ کے کاموں بارے سوچتے تھے یہی وجہ ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں ہم نے عوامی فلاح کے ایسے کام کیے جو پاکستان میں پہلے نہیں تھے۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ انشا اللہ گجرات میں یونیورسٹی کے بعد اب انجینئرنگ یونیورسٹی بھی بنائیں گے جہاں پر تعلیم مفت ہو گی، پنجاب میں صفر کارکردگی والے ہمارے 1122 اور دیگر تاریخی کاموں جیسا کوئی کام بتا دیں، شہباز شریف نے پانچ سال گجرات یا پورے پنجاب کیلئے ایک منصوبہ بھی نہیں دیا، بطور چیف منسٹر میں نے سینکڑوں سکول، کالج بنائے اور ان کو اپ گریڈ کیا، شہباز شریف نے جو سکول کالج بند کیے۔

ہم انشا اللہ دوبارہ اقتدار میں آ کر یہ منصوبے دوبارہ شروع کریں گے۔ انہوں نے بچوں کو تعلیم سے دور کیا ہم ان کو مفت تعلیم دینے کیلئے دوبارہ سکولوں اور کالجوں میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی کارکردگی صفر ہے، تین تین بار حکمرانی کے باوجود بھی انہوں نے پاکستانی عوام کیلئے کچھ نہیں کیا البتہ ان کے دور میں مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، احتجاجی مظاہرے ہر روز کا معمول بن چکے تھے۔