لاہور میں لفٹر سے گرنے کی وجہ سے زندگی بچ گئی، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران لاہور میں لفٹر سے گرنے کی وجہ سے ان کی زندگی بچ گئی۔ لاہور جلسے کے اگلے دن دہشت گرد انہیں نشانہ بنانہ چاہتے تھے۔ عمران خان نے ایک برطانوی اخبار میں لکھے گئے مضمون میں کہا ہے کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ وہ دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ میں سب سے پہلے نمبر پر تھے۔

عمران خان کے مطابق یہ بات اس وقت کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے ان کی عیادت کے موقع پربتائی۔ عمران خان نے لکھا ہے کہ رحمان ملک نے بتایا کہ دہشت گرد انہیں لاہور جلسے کے اگلے دن نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ عمران خان کے مطابق انتخابات سے قبل ان کے خلاف گمراہ کن پروپگینڈا پھیلایا گیا۔ جس کے باعث ان کی زندگی کو حقیقی خطرات لاحق تھے۔ عمران خان نے لکھا ہے کہ پاکستان میں شدت پسندوں کے 25 کے قریب گروپ ہیں جو سب خود کو طالبان کہتے ہیں۔

عمران خان کے مطابق ان کے سیاسی مخالفین بھی ان میں کسی بھی گروپ کو استعمال کرسکتے تھے۔عمران خان 7 مئی 2013 کو انتخابی مہم کے دوران لاہور میں اسٹیج پر جاتے ہوئے لفٹر سے نیچے گرگئے تھے۔ 18 فٹ کی بلندی سے گرنے کی وجہ سے عمران خان کی ریڑھ کی ہڈی کے مہروں اور پھپیھڑوں کو نقصان پہنچا تھا جس کے بعد انہیں کئی دن اسپتال میں گزارنے پڑے تھے۔