لاہور سمیت پنجاب میں دھند، موسم میں بہتری پر موٹروے کو کھول دیا گیا

Fog

Fog

لاہور (جیوڈیسک) لاہور سمیت پنجاب میں میں گہری دھند پڑنے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، دھند کم ہونے کی وجہ سے موٹروے کو کھول دیا گیا، ائیرپورٹ پر بھی موسم میں بھی بہتری آئی ہے۔

حدنظر میں کمی کے باعث دو مختلف ٹریفک حادثات میں دو افراد جان سے گئے، چار زخمی ہوئے، کئی پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ متعدد جہازوں کو دوسرے شہروں کی طرف موڑنا پڑا۔

موٹروے بھی رات بھر بند رہی، بدھ کے روز سے شروع ہونے والا دھند کا سلسلہ جاری ہے۔ رات نو بجے کے قریب موٹروے پر حد نظر صفر ہو گئی تھی اور بابو صابو انٹر چینج سے پنڈی بھٹیاں تک موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

کینٹ میں بھی شدید دھند کے بادل چھائے رہے،جس کی وجہ سے ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کرنا پڑا، ایک درجن سے زائد پروازوں کی آمد و روانگی میں مسلسل تاخیر رہی، شہر کے اندر حد نظر 30 سے 70 میٹر رہی، دھند کی وجہ سے رائیونڈ روڈ پر دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ چار زخمی ہو گئے۔

رنگ روڈ پر ایک گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا، صبح چھ بجے دھند میں کمی کی وجہ سے موٹر وے کو کھول دیا گیا، دو گھنٹے بعد ائیرپورٹ پر بھی موسم میں بہتری آئی تو فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق شروع ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دھند پڑنے کا یہ سلسلہ آئندہ دوروز تک جاری رہے گا۔