پشاور دھماکہ، ایم کیو ایم کا عمران خان کیخلاف مقدمہ کا مطالبہ، پاکستان علما کونسل آج احتجاج کریگی

 Pakistan Ulema Council

Pakistan Ulema Council

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر اور وزیراعظم سمیت اہم رہنماؤں نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے،الطاف حسین کہتے ہیں طالبان کو بھائی قرا ردینے والے بھی معصوم شہریوں کی ہلاکتوں میں برابر کے شریک ہیں،ایم کیو ایم اوورسیز نے دھماکے کا مقدمہ عمران خان کیخلاف درج کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

اپنے مذمتی بیان میں صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نوا زشریف نے پشاور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے انتہا پسندی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی پشاور کے تبلیغی مرکز میں دھماکے کو افسوسناک قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ قوم کو جاگ کر طالبان کے حامی لیڈروں اور جماعتوں کا بائیکاٹ کرنا ہو گا۔

ایم کیو ایم اوورسیز نے عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا تسلسل ناکام پالیسی کا نتیجہ ہے۔

مجلس وحدت مسلمین اور جماعت اسلامی نے بھی پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ پاکستان علما کونسل نے آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔