گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی سر اٹھانے سے پہلے ہی شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے: بابر حیات

Lahore

Lahore

لاہور : صوبائی سیکرٹری کوآپریٹو بابر حیات تارڑنے کہا ہے کہ ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے لوگوں کو محفوظ رکھنے اور حفاظتی تدابیر سے آگاہی کے لیے اقدامات اور مہم تیزی سے جاری ہے گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی مربوط لائحہ عمل اور مشترکہ کوششوں سے ڈینگی کو شکست فاش کردیں گے۔ انہوں نے یہ بات آج اقبال ٹاؤن کے دفترمیں ڈینگی سے بچائو بارے کئے جانے والے ہفتہ وار ار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

اجلاس میں انڈور اور آئوٹ ڈور ڈینگی لاروا سرویلنس اورلوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے تمام محکموں کی ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔میڈیاورلڈلائن کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹاؤن بھر کے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر دو گھروں کی چیکنگ کی جارہی ہے اور اینٹی ڈینگی ریگولیشنز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ ہفتے مختلف مقامات پر کباڑخانوں، مساجد، قبرستانوں،ہوٹلوں،ریسٹورنٹس،ٹائرشاپس،ماربل فیکٹریوں، نرسریوں، پارکوں اور تالابوں میں لاروا کی موجودگی کے امکانات کو چیک کیا گیا جبکہ رسک والے ایریاز میں آئی آر ایس سپرے اور بھرپور صفائی کی سرگرمیاں عمل میں لائی گئیں۔ مختلف سکولوں،کالجوں میں ڈینگی سے بچائو بارے حفاظتی تدابیر کے لئے آگاہی واکس اور سیمینارز کا انعقاد عمل میں لایا گیا جبکہ ان سرگرمیوں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز،سینٹری پٹرولنگ سٹاف سی ڈی سی سپروائرز،انوائرمنٹ انسپکٹرز اور دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔انہوںنے اُمید ظاہر کی کہ ڈینگی کو گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی سراٹھانے سے پہلے ہی شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔تمام ادارے اس حوالے سے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔