نندی پور جیسے مردہ منصوبے میں جان پڑ سکتی ہے تو 4 برس میں ملک سے اندھیرے بھی دور ہو جائیں گے: راشدہ یعقوب

Nandi Pur Project

Nandi Pur Project

لاہور : پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی 7 ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے 7ماہ میں نندی پور پاور پراجیکٹ کے مردہ منصوبے میں جان پڑ سکتی ہے تو 4 برس میں ملک سے اندھیرے بھی دور ہو جائیں گے،پنجاب میں لگنے والے منصوبے پورے پاکستان اورپاکستانی قوم کے لئے ہیں کیونکہ یہ ملک ہم سب کاہے اورہم سب نے مل کر ملک کا مستقبل تابناک بنانا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا،ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور معیشت میں بہتری آ رہی ہےـ زر مبادلہ کے ذخائر 13ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت توانائی بحران کے خاتمے کے لئے سنجیدگی سے آگے بڑھ رہی ہے اور ملک بھر میں توانائی کے منصوبے تیزی سے لگائے جا رہے ہیںـوفاق نے داسو اور دیا میر بھاشا ڈیم کے لئے بھی 30ارب روپے مختص کئے ہیں۔