حکمران و استحصالی طبقات کو عوامی خوشحالی با اختیار پاکستانی پسند نہیں ہیں، اے پی ایم ایل

کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے مگر بد قسمتی سے اس اسلامی مملکت میں انگریزوں کا بنایا ہوا استحصالی نظام رائج ہے جس کے تحت ایک مخصوص اقلیتی طبقہ اکثریتی عوام کے حقوق غصب کرکے پاکستانی قوم سے خوشحالی، امن، سکون، ترقی کے مواقع اور محفوظ مستقبل کی ضمانت چھین کر اپنے اور اپنی نسلوں کے تعیشات کے انتظام میں لگا ہوا ہے۔

جاگیردار و سرمایہ دار طبقات کے محافظ و نگہبان اور طبقاتی تضاد کے ذریعے عوام کو غلام و محکوم رکھنے کے عادی استحصالی طبقات عوام کی ترقی نہیں چاہتے اسی لئے مقامی حکومتوں کے نظام کے ذریعے عوام کو سہولیات و خوشحالی اور پاکستان کو استحکام و ترقی دینے والے پرویز مشرف کے بلدیاتی نظام اور عوامی ترقی و خوشحالی سے خوفزدہ ان ظالم طبقات نے یکجا ہوکر نہ صرف پرویز مشرف کو اقتدار سے باہر نکالا۔

اب اسے انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے اس پر غداری کا مقدمہ چلارہے ہیں بلکہ عوام کو خوشحالی ترقی اور مسائل کے حل کی ضمانت دینے والے بلدیاتی نظام اور مقامی حکومتوں کا خاتمہ کر دینے کے بعد اب بھی عدالت کے احکامات کے باجود بلدیاتی انتخابات کرانے میں تاخیری حربے اپنا رہے ہیں اور مختلف حیلوں بہانوں اور حجت کے ذریعے بلدیاتی انتخابات سے جان چھڑا رہے ہیں۔