لائبیریا میں طیارہ حادثہ ، گنی کے آرمی چیف سمیت 10 ہلاک

Liberia

Liberia

لائبیریا (جیوڈیسک) لائبیریا میں طیارہ گرنے سے گنی کے آرمی چیف سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ افریقی ملک گنی سے ایک فوجی وفد لے کر جانے والا طیارہ لائبیریا میں گر کر تباہ ہو گیا جس سے گنی کے آرمی چیف سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ گنی کے صدارتی حکام کے مطابق گنی سے ایک طیارہ جس میں آرمی چیف سمیت 10 لوگ سوار تھے لائبیریا میں حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔

لائبیریا کے وزیر اطلاعات لیوس برائون نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ طیارہ لائبیریا کے بین الاقوامی ائیر پورٹ سے صرف آٹھ کلو میٹر دور چارلس ویلی قصبے میں گر کر تباہ ہوا ہے جس سے اس میں سوار تمام لوگ مر گئے۔ ایک اور ذرائع کا کہنا تھا کہ اس طیارے میں تقریبا 18 لوگ سوار تھے جن میں گنی کے آرمی چیف سلیمانی خلیفہ دیالو بھی شامل ہیں۔

ادھر حادثے کے بعد لائبیریا کی صدر نے کل ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ گنی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ آرمی چیف پر مشتمل ایک وفد کو لائبیریا میں منعقدہ مسلح افواج کی سالانہ تقریب میں شرکت کے لئے گیا تھا۔ حکام کے مطابق فوری طور پر حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔