لیبی فوج نے ‘الوطیہ’ فوجی اڈے پر قومی وفاق فورسز کا حملہ ناکام بنا دیا

Military Base

Military Base

لیبیا (اصل میڈیا ڈیسک) لیبیا کی نیشنل آرمی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دارالحکومت طرابلس سے 140 کلو میٹر کی مسافت پرواقع الوطیہ فوجی اڈے پر قومی وفاق حکومت کے حامی عناصر کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔

خیال رہے کہ الوطیہ ایئربیس لیبیا کی قومی فوج کے پاس ہے اور قومی وفاق حکومت کے حامی جنگجو اسے چھڑانے کے لیے بار بار حملے کررہے ہیں۔ تاہم انہیں ان حملوں میں پسپائی کا سامنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق الوطیہ فوجی اڈے کےاطراف میں العقربیہ اور زریر کے مقامات پر مسلح تصادم جاری ہے۔ لیبی فوج حکومت نواز ملیشیا کو وہاں سے بے دخل کرنے کے لیے بھرپور آپریشن کررہی ہے۔

لیبی فوج کا کہنا ہے کہ قومی وفاق حکومت کی وفادار فورسز نے الوطیہ فوجی اڈے پرسیکڑوں فوجی گاڑیوں اور ترکی کے ڈرون طیاروں کی مدد سے حملہ کیا تاہم نیشنل آرمی نے حکومت نواز جنگجوئوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ فوج کا کہنا تھا کہ اڈے کے اطراف میں متعدد مقامات پر متحارب فریقین کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔

لیبی فوج کا کہنا ہے کہ 50 کلو میٹر کے وسیع علاقے پر پھیلے اس فوجی اڈے پر قومی وفاق حکومت کی طرف سے ایک ماہ میں دوسرا حملہ ہے۔ مغربی لیبیا میں نیشنل آرمی کے پاس یہ فوجی اڈہ انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے اور یہاں سے طرابلس پرحملے کے لیے فوج کو براہ راست رسد فراہم کی جا رہی ہے۔