مجھ سے بھی زندگی میں غلطیاں ہوئیں، شلپا شیٹھی کا اعتراف

 Shilpa Shetty

Shilpa Shetty

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی نے انسٹاگرام پر ایک مبہم پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے زندگی میں غلطیاں کرنے کا اعتراف کیا ہے لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کن غلطیوں کی بات کررہی ہیں۔

اداکارہ شلپا شیٹھی اپنے شوہر راج کندرا کی فحش اور قابل اعتراض فلمیں بنانے کے کیس میں گرفتاری کے بعد بہت مشکل وقت گزار رہی ہیں۔ جب سے ان کے شوہر گرفتار ہوئے ہیں شلپا شیٹھی نے خاموشی اختیار کی ہوئی تھی لیکن آہستہ آہستہ اب وہ دیگر سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ شلپا سوشل میڈیا پر بھی سرگرم ہوگئی ہیں اور اس مشکل وقت کے دوران اپنے عزم کوبرقرار رکھنے کے لیے مثبت پوسٹس شیئر کررہی ہیں۔

گزشتہ روز شلپا شیٹھی نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری پر ایک کتاب کے اقتباس کی تصویرشیئر کی جس میں انسانوں سے ہونے والی غلطیوں کے بارے میں بات کی گئی ہے۔ اقتباس میں لکھا ہے ہم غلطیاں کیے بغیر اپنی زندگی کو دلچسپ نہیں بناسکتے۔ ہم اپنی غلطیوں کو ان چیزوں کے طور پر دیکھ سکتے ہیں جنہیں ہم بھولنا چاہتے ہیں یا پھر خود سے سرزد ہونے والی غلطیوں کو چیلنجنگ اور حوصلہ افزا تجربات کے طور پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

اس اقتباس کے اختتام میں لکھا تھا میں غلطیاں کروں گی، ان غلطیوں کے لیے خود کو معاف کروں گی اور ان سے سبق سیکھوں گی۔ شلپا شیٹھی نے اس پوسٹ کے عنوان میں لکھا ہے’’مجھ سے غلطی ہوئی لیکن کوئی بات نہیں‘‘۔

شلپا شیٹھی نے اپنی پوسٹ میں اس بات کا اعتراف تو کیا ہے کہ ان سے زندگی میں غلطی سرزد ہوئی لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نےکون سی غلطی یا غلطیاں کیں۔ تاہم اپنی پوسٹ کے ذریعے شلپا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ زندگی میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھیں گی۔

اس سے قبل بھی شلپا شیٹھی نے ایک مثبت پوسٹ شیئر کی تھی جس میں لکھا تھا ہم اپنی زندگی کو روک نہیں سکتے ہماری زندگی کا ہردن شمار ہوتا ہے۔ چاہے کچھ بھی ہوجائے ہماری زندگی کی گھڑی مسلسل چل رہی ہے۔ لہذا ہمارے پاس صرف ایک ہی چیز ہے اور وہ ہے وقت۔ اس لمحے کو ہمیشہ کے لیے ضائع کرنے سے بہتر ہے کہ ہر لمحہ زندگی سے بھرپور گزارا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 19 جولائی کو راج کندرا کی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹھی نے کام سے متعلق اپنی تمام سرگرمیاں ترک کردی تھیں۔ اسی کیس میں ممبئی کرائم برانچ اداکارہ شلپا شیٹھی سے بھی کئی بار پوچھ تاچھ کرچکی ہے۔