لوکل باڈیز الیکشن کے انعقاد کو انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔ بشارت مرزا

کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدر بشارت مرزا نے کہا ہے کہ لوکل باڈیز الیکشن کے انعقاد کو انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے، ایسے وقت میں جب مقناطیسی سیاہی موجود نہیں اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے بھی آثار نظر نہیں آرہے الیکشن کمیشن کس طرح انتخابات کاانعقاد ممکن بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں موجود اور اسمبلیوں سے باہر پاکستان کی تمام جماعتیں اتنی جلدی الیکشن سے مطمئن نہیں ہیں اور دو سے چار ماہ کاوقت چاہتی ہیں تا کہ مقناطیسی سیاسی بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہو سکے اور قومی اسمبلی جو سب سے سپریم ادارہ ہے اور 18 کروڑ عوام کی ترجمانی کرتا ہے اس نے بھی اس سلسلے میں قرارداد منطور کی ہے اس کے باوجود الیکشن کرانے کا مقصد یہی ہوگا کہ دھاندلی کے زریعے ملک میں انارکی پھیلا دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں بلاوجہ کی جلد بازی سے ان کی شفافیت مشکوک ہو رہی ہے بہتر یہی ہو گا کہ الیکشن کمیشن اور حکومت کو اپنا کام بہتر طریقے سے کرنے دیا جائے تا کہ منصفانہ اور شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن ہو سکے۔