عوام پاکستان کو افواج کی خدمات اور قربانیوں پر ناز ہے: قومی امن کمیشن

کراچی : مسلح افواج نے نہ صرف شجاعت و قربانی کی داستانیں رقم کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کی آن ‘ بان اور شان کو محفوظ رکھا اورا س کے آزاد تشخص کا دفاع کیا ہے بلکہ مشکل ترین لمحات و حالات میں بھی قوم کی مدد کررتے ہوئے آفات ‘ سانحات اور حادثات میں بھی قوم کی جانیں بچانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی مسلح افواج پاکستان کے آزاد تشخص ‘ امن اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے جس طرح سے جانوں کا جذرانہ دے رہی ہیں وہ ان کا پاکستان و عوام پر احسان اور قرض ہے مگر کچھ عاقبت نا اندیشوں کی جانب سے مسلح افواج کی قربانیوں کو امریکی اطاعت قرار دیتے ہوئے مسلح افواج کے شہدا¿ کی شہادت سے انکار اور پاکستان ‘ عوام و امن دشمنوں اور دہشتگردوں کو شہید قرا ردینا ان کے سٹھیا جانے یا پھر دانستہ افواج و عوام کے درمیان فصیلیں حائل کرنے کی سازش کے مترادف ہے۔

قومی امن کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالفتاح میمن نے ‘ انسانی حقوق ونگ کے مرکزی جنرل سیکریٹری امیر علی خواجہ ‘ چیئرمین سندھ خالد محمود شاہ ‘ سینئر وائس چیئرمین علی محمد مندرع‘ جنرل سیکریٹری محمد نعیم قریشی ‘انفارمیشن سیکریٹری عمران چنگیزی اورچیئرمین کراچی ڈویژن حاجی عثمان عرب کے ہمراہ فوج کیخلاف دیئے گئے منور حسن کے بیان پر احتجاجی پریس کانفرنس کے دوران مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ قوم افواج پاکستان کی قربانیوں وخدمات کی معترف بھی ہے اور اسے اپنی افواج پر فخرو ناز بھی ہے اور وہ یہ سمجھتی ہے کہ افواج پاکستان کو اپنی خدمات و قربانیوں کیلئے کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ افواج پاکستان کی خدمات ‘ قربانیاں اور ملک و قوم کیلئے دی گئی شہادت سورج کی طرح قوم اور دنیا کے سامنے روشن ہے۔