کسی لانگ مارچ یا احتجاج سے خطرہ نہیں اپوزیشن مذاکرات کرے شکایات کا ازالہ کرینگے: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ انکی حکومت کو کسی احتجاج یا لانگ مارچ سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن میں شامل لوگوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہئے، بجلی کا بحران حل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، شمالی وزیرستان میں ضربِ عضب آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، پوری قوم آپریشن کی مکمل حمایت کررہی ہے۔

نوازشریف نے مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ حزب اختلاف کی بات سننے کو تیار ہیں۔ اپوزیشن سے بات چیت لانگ مارچ سے پہلے ہو یا بعد میں انکی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بعض عناصر احتجاج کا راستہ اپناتے ہوئے تشدد اور لاقانونیت پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم عوام انکے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں وہ انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سیاسی مسائل مظاہروں یا مارچوں کے ذریعے نہیں بلکہ مذاکرات اور مفاہمت سے حل ہوتے ہیں۔ یہ مسائل مذاکرات سے حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور دوسرے ادارے حزب اختلاف کی شکایات دور کرنے کیلئے آزادانہ طور پر کام کررہے ہیں اور ان پر اعتماد کیا جانا چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے اقدامات کررہی ہے، بجلی کا بحران حل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شمالی وزیرستان میں ضربِ عضب آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور جب پوری قوم اس آپریشن کی مکمل حمایت کررہی ہے تو حزب اختلاف کی جماعتوں کو بھی مسلح افواج اور بے گھر افراد کی حمایت کرنی چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا حکومت تمام مسائل پر اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے تیار ہے، اپوزیشن کے مسائل سننے اور انہیں حل کرنے کیلئے تیار ہیں، عدلیہ اور تمام اداروں کی شکایات آزادانہ طور پر حل کر رہے ہیں، عدلیہ سمیت تمام اداروں پر اعتماد کرنا چاہئے۔