دریائے سوات میں طغیانی، کانجو ایوب پل کا ایک حصہ بہہ گیا

Swat River

Swat River

سوات (جیوڈیسک) دریائے سوات کی موجیں بپھری ہوئی ہیں۔ تحصیل کبل اور مٹہ کے درمیان رابطہ پل کا ایک حصہ بہہ گیا۔نوشہرہ میں بھی دریائے کابل میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث کئی گھر متاثر ہوئے ہیں۔ سوات کے مقام پر دریائے سوات میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ رات گئے دریا کی موجیں کانجو ایوب پل کا ایک حصہ بہا لے گئیں جس کے بعد تحصیل کبل اور تحصیل مٹہ کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

پانی کے تیز بہاو کی وجہ سے خوازہ خیلہ اور مٹہ کے درمیان رابطہ پل کو بھی آمدو رفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ کالام اور ملحقہ علاقوں میں دریا کنارے آباد لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ سیلاب مرکز کے مطابق نوشہرہ میں دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریا کا پانی نوشہرہ کلاں کے مختلف علاقوں میں داخل ہو گیا اور لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

گلگت بلتستان میں دریائے سندھ سمیت معاون دریاوں اور ندی نالوں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ پانی کی سطح بلند ہونے سے قریبی دیہاتوں میں زمینی کٹاو شروع ہو گیا ہے۔ دریائے چترال میں طغیانی کے باعث گرم چشمہ روڈ، دروشپ اور بہتولی کے مقامات پر قائم تین چھوٹے پل بہہ گئے، جس کے باعث لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔