مالدیپ کی پاکستانی تاجروں کو سنگل کنٹری نمائش کی دعوت

pakistan Maldives

pakistan Maldives

اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد مالدیپ نے پاکستانی تاجروں کو باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے سنگل کنٹری تجارتی نمائش کے انعقاد کی دعوت دی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان میں تعینات مالدیپ کی ہائی کمشنر ایشا تھ شہناز آدم نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری سے ملاقات کی۔

اس موقع پر مالدیپ کی ہائی کمشنر ایشا تھ شہناز آدم نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان معاشی تعلقات کومزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاجر مالدیپ میں سنگل کنٹری نمائش کا انعقاد کر کے مالدیپ کے ساتھ تجارت کو فروغ دیں۔

مالدیپ کی ہائی کمشنر نے کہا کہ مالدیپ میں سیاحت کو بہت زیادہ فروغ ملا ہے اور ہر سال تقریبا ایک لاکھ سے زائد سیاح مالدیب جاتے ہیں جبکہ پاکستان اور مالدیپ سیاحت کے شعبے میں ایک دوسرے سے تعاون کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مالدیپ میں پاکستان کلچرل سینٹر کے قیام پر زور دیا اور کہا کہ اس سینٹر کے قیام سے دونوں ممالک کے مابین تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے پاکستان اور مالدیپ کے مابین معاشی تعلقات کو فروغ دینے میں مالدیپ کی ہائی کمشنر کی کاوشوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو مذید فروغ دینے میں کردار ادا کرتی رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک زراعت، ادویات، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، صحت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کر کے ان سے استفادہ کر سکتے ہیں۔