اختیارات کا ناجائز استعمال، 26 کمپنیوں کو نوٹس جاری

Secp

Secp

سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے انضباتی قواعدکی خلاف ورزی بالخصوص سالانہ گوشواروں اور حسابات میں بے قاعدگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 26کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کردئیے ہیں جبکہ 23کمپنیوں کے خلاف شراکت داروں کی شکایات پر کاروائی کی گئی۔

اظہار وجوہ کے نوٹس سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کے انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے ڈائریکٹرز اور آڈیٹرز کو جنوری2013 میں جاری کیے گئے۔ کمپنیوں کے گوشواروں اور حسابات کی جانچ پڑتال کے دوران کئی کمپنیوں کی مالیاتی اسٹیٹمنٹ میں بے ضابطگیاں پائی گئیں جبکہ کئی کمپنیوں کو آڈٹ کے مروجہ قوائد پورے نہ کرنے، سالانہ فنانشیل اسٹیٹمنٹ جاری کرنے میں تاخیر ، ڈائریکٹرز کے انتخابات نہ کروانے اور کمپنی کے منافع اور بونس کی بروقت ادائیگی نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے گئے۔

جنوری2013 میں ایس ای سی پی نے 20کمپنیوں کے ڈائریکٹرز اور آڈیٹرزکے خلاف شکایات پر کاروائی مکمل کی اور انضباتی قوائد کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے جبکہ منافع اور سالانہ بونس کی بروقت ادائیگی نہ کرنے کی 23 شکایات درج کی گئیں اور متعلقہ کمپنیوں کے خلاف کاروائی کے لیے نوٹس جاری کیے گئے۔