لشکر جھنگوی کے سزا یافتہ قیدی کنٹونمنٹ جیل سے فرار کرائے گئے: صدارتی ترجمان

Farhatullah Babar

Farhatullah Babar

اسلام آباد(جیوڈیسک) سینیٹ اجلاس میں معمول کی کارروائی معطل کر دی گئی۔ سانحہ کوئٹہ پربحث کرتے ہوئے سینیٹر فرحت اللہ بابرنے کہا کہ مخصوص عناصر کی پشت پناہی کی جا رہی ہے اگر سدباب نہ کیا گیا تو ردعمل انتہائی سخت ہو جائے گا۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین نیر بخاری کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں معمول کی کارروائی معطل کرکے سانحہ کوئٹہ اور ملک میں امن وامان کے حوالے سے ایم کیو ایم کی تحریک التوا پر بحث کے دوران سینیٹر طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ، حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے جمعیت العما اسلام کے غفور حیدری نے کہا کہ شیعہ سنی سب کا ایک ہی دشمن ہے جبکہ بلوچستان میں فرقہ واریت کوہوا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی موجودگی خطے کی تباہی ہے۔

بحث میں حصہ لیتے ہوئے اے این پی کے حاجی عدیل نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ آئینی حدود میں رہ کرامن کے لیے بات چیت کی جائے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ مخصوص عناصرکی پشت پناہی کی جا رہی ہے اگر سدباب نہ کیا گیا تو ردعمل انتہائی سخت ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لشکرجھنگوی کے عثمان کرد اور داد بادینی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پھانسی کی سزا دی تھی۔ دونوں دھشت گردوں کو کنٹونمنٹ بورڈ کی جیل سے پراسرار طریقے سے فرار کرا دیا گیا۔ سینیٹ کا اجلاس کل شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔