مولانا شیرانی کے فضل الرحمان پر سنگین الزامات، جے یو آئی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب

Maulana Sherani

Maulana Sherani

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی کے مولانا فضل الرحمان پر اچانک الزامات کے بعد جے یو آئی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مولانا شیرانی نے فضل الرحمان کے امیر کے چناؤ کے وقت کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، اب ان کی جے یو آئی سے اچانک ناراضگی سامنے آئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا محمد خان شیرانی کے الزامات کے بعد جے یو آئی نے اعلیٰ سطح کا اجلاس 24 دسمبر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا شیرانی نے جے یو آئی ف کے بلوچستان کے صوبائی امیر کے لیے الیکشن بھی لڑا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی مولانا محمد شیرانی کے بیان کے معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات بھی کرے گی۔

خیال رہے کہ مولانا محمد خان شیرانی نے جے یو آئی اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا کس طرح عمران خان کو سلیکٹڈ کہہ سکتے ہیں، وہ تو خود سلیکٹڈ ہیں۔