مہدی حسن کی گیس چوری کے مقدمہ میں درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ ق کے سابق رکن قومی اسمبلی مہدی حسن بھٹی کی گیس چوری کے مقدمہ میں درخواست ضمانت مسترد کر دی،مہدی حسن بھٹی کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔جسٹس اعجاز چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مہدی حسن بھٹی کی گیس چوری کے مقدمہ میں درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

عدالت نے مہدی حسن بھٹی کو گرفتار نہ کرنے پر پولیس پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ذمہ داروں کا تعین کر کے رپورٹ جلد سے جلد رجسٹرار کو جمع کرانے کا حکم دیا۔ق لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے اسی مقدمے میں درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد کمرہ عداالت سے فرار ہو گئے تھے۔ق لیگ کے مہدی حسن بھٹی کا تعلق پنجاب کے ضلع حافظ آباد سے ہے،وہ 2002ء میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

مہدی حسن بھٹی پر شیخوپورہ روڈ میں ان کے سی این جی سٹیشن کے لئے گیس چوری کرنے کا الزام ہے۔محکمہ سوئی گیس نے میٹر میں گڑ بڑ کرنے پر میٹر سیل کر دیا تھا اور سوئی گیس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا۔مہدی حسن بھٹی نے پنجاب یونیورسٹی سے 1975ء سے بی اے کی ڈگری حاصل کی تھی جسے الیکشن کمیشن نے جعلی قرار دے کر 2008ء کے انتخابات میں نااہل قرار دے دیا تھا۔