فوج اور حکومت ایک پچ پر نہیں، شیخ رشید

Sheikh Rashid

Sheikh Rashid

لاہور (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عظیم فوج کے شہیدوں اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، ساری قوم ان کے ساتھ ہے، اگر کچھ عقل کے اندھوں نے بے احتیاطی کا مظاہرہ کیا تو یہ بات بھی فوج کے حق میں گئی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فوج اور حکومت ایک پیج پر نہیں، ملک کے حالات خوفناک ہیں۔ ایک ٹی وی کی جانب سے حکومت کو یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ وہ اس کے ساتھ کھڑی نہ ہوئی تو پھر اس کی باری ہو گی۔ نواز شریف پہلے خاموش رہے، پھر آئی ایس آئی کی تعریف کی پھر لندن جا کر چینل کے حق میں بیان دیا جس کی تک نہیں بنتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حامد میر نے ان کی سیاسی زندگی پر خودکش حملے کئے۔

پیمرا کو جو خط لکھا گیا، اس میں جو الزامات لگائے گئے، انھیں پڑھتے ہوئے حیا آتی ہے، تاہم کسی ٹی وی پر پابندی نہیں لگنی چاہئے، اس واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہیئں اور امید ہے کہ حملہ کرنے والے ملزم پکڑے جائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ بے جا الزامات لگانے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے، 8 گھنٹے جو کچھ فوج کے ساتھ کیا گیا اس سے فوج کی مقبولیت بڑھی، چوکوں میں فوج کے حق میں بینر بھی لگے ہیں، فوج جتنی آج مقبول ہے پہلے نہیں تھی اور یہ موجودہ سول حکومت کے لیے کوئی خوش آئند بات نہیں ہے، وہ اپیل کرتے ہیں کہ اس آگ پر پانی پھینکا جائے ورنہ یہ میڈیا اور حکمرانوں کو لپیٹ میں لے لے گی۔