اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں

لاہور : صوبائی وزیر صحت، انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی ترقی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر اقلیتوں کے ترقیاتی پروگرام کے لیے20 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے یہ بات آج یہاں اقلیتوں کی ترقی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں منتخب اقلیتی ارکان اسمبلی رمیش سنگھ اروڑہ، شکیل آئیون، کانجی رام اور ذوالفقار غوری کے علاوہ سیکرٹری محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور چوہدری جاوید اقبال ، ایڈیشنل سیکرٹری عثمان سروش علوی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت اقلیتی ارکان اسمبلی کی طرف سے پیش کردہ ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرائے گی۔

خلیل طاہر سندھو نے اقلیتی ارکان پر زور دیا کہ وہ جلد ازجلد اپنے علاقہ کی ترقیاتی سکیمیں تیار کر کے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے دفتر میں جمع کرادیں تاکہ ان کی منظوری کے بعد PC-I تیار کرایا جاسکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اقلیتی ارکان اسمبلی کا حلقہ پورا صوبہ ہے وہ کسی بھی علاقے میں آباد اپنی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی سکیمیں تیار کرسکتے ہیں۔ خلیل طاہر سندھو نے محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ اقلیتی ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ ترقیاتی سکیموں پر جلد از جلد پیش رفت کی جائے۔