میرپور ڈویژن میں بجلی چوری میں چیف انجینئر برقیات منیر احمد قریشی ملوث ہے۔ چوہدری شوکت علی

بھمبر( ڈسٹرکٹ رپورٹر)میرپور ڈویژن میں بجلی چوری میں چیف انجینئر برقیات منیر احمد قریشی ملوث ہے محکمہ برقیات میں چھپی ایسی کالی بھیڑوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جو محکمہ برقیات اور حکومت کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ان خیالات کا اظہار بھمبر کے معروف سیاسی و سماجی راہنماؤں چوہدری شوکت علی،چوہدری کامران علی ،مرزا عامر حسین نے مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں بجلی کا چوری کا دھندہ عروج پر ہے محکمہ برقیات کے چیف انجینئر منیر احمد قریشی خود بجلی چوری کرواتے ہیں اور اس کام کیلئے انہوں نے ہر علاقے کے اندر ٹیم بنا رکھی ہے جوبجلی چوری کرواتے ہیں اور چیف انجینئر کو باقاعدگی سے حصہ پہنچاتے ہیں۔

بجلی چوری کی رقم غریبوں کے بلات میں ڈال کر اس خسارہ کو پورا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے انہوں نے چیئرمین احتساب بیورو اور محکمہ برقیات کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ برقیات کے اندر موجو دکالی بھیڑوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جو براہ راست بجلی چوری میں ملوث ہیں جو حکومت اور محکمہ برقیات کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔