مودی غلط فہمی میں نہ رہنا، پاکستان کو کوئی شکست نہیں دے سکتا: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو بھارت پاکستان پر بلااشتعال فائرنگ کر رہا ہے، سرحد پر لوگ شہید ہو رہے ہیں تو دوسری جانب امریکا پاکستان میں ڈرون حملے کر وا رہا ہے۔

لیکن وزیراعظم کی جانب سے کوئی مذمتی بیان سامنے نہیں آیا کیونکہ ان کا بیٹا بھارت کیساتھ کاروبار کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے تو انھیں کچھ نہیں کہنا، میں پوری پاکستانی قوم کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر ان کا خیال ہے کہ ان ہتھکنڈوں سے پاکستانی قوم ڈر جائے گی تو یہ ان کی بے وقوفی ہے۔

بھارتی فوج پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی کیونکہ پاکستان قوم اور فوج ایک ساتھ ہیں۔ بھارتی وزیراعظم غلط فہمی میں نہ رہیں، ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ مودی سن لو! پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور سے نکلتے ہوئے سوچا تھا کہ اگر نواز شریف کا استعفیٰ مل جائے تو بڑا کام ہو گا لیکن انسان پلان کچھ کرتا ہے۔

اور اللہ تعالیٰ کو کچھ اور منظور ہوتا ہے۔ میں خوش ہوں کہ میرے دھرنے کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ میں پوری پاکستانی قوم جاگ چکی ہے۔ آج ملتان میں انسانوں کا سمندر ٹھاٹھیں مار رہا ہے۔ میرا وعدہ ہے کہ آپ کو ایک قوم بنا کر نیا پاکستان بنائوں گا۔ نئے پاکستان میں عدل و انصاف کا نظام لائوں گا۔

عوام میری ٹیم بنیں، ثابت کر دوں گا کہ پاکستان ترقی کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) صرف اوپر سے ایک دوسرے کیساتھ لڑائی کرتے ہیں لیکن اندر سے یہ بھائی بھائی ہیں۔ میں زرداری اور نواز شریف کی پارٹنر شپ توڑ کر رہوں گا۔

زرداری اور نواز شریف کی وکٹیں ایک گیند پر گرائوں گا۔ کارکن وعدہ کریں کہ کسی ایسے شخص کو ووٹ نہیں دیں گے جس کا پیسہ بیرون ملک بینکوں میں پڑا ہو۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سے وعدہ ہے کہ جو کہوں گا اسے پورا کرونگا۔

ملک میں نئے صوبوں کا قیام ہونا چاہیے. لوگوں کی زندگیاں آسان کرنے کیلئے نئے صوبے بننے چاہیں. نئے صوبے بنیں لیکن اس کیلئے وسیع سوچ کی ضرورت ہے. نئے انتظامی یونٹس بنانے کیلئے کمیشن قائم کرینگے۔