تحریک تحفظ پاکستان عوام کی طاقت سے نسل درنسل اقتدار پر قابض سیاستدانوں کی بجائے عام کارکن کے ذریعے تبدیلی کی خواہاں ہے،ڈاکٹر غنچہ

تحریک تحفظ پاکستان عوام کی طاقت سے نسل درنسل اقتدار پر قابض سیاستدانوں کی بجائے عام کارکن کے ذریعے تبدیلی کی خواہاں ہے 1947ء میں کانگریس کے بتوں کو مسلمانوں نے گراکر پاکستان حاصل کیا 2013ء میں تحریک تحفظ پاکستان عوام کی طاقت سے اقتدار پر قابض بتوں کو گراکر ملک کو استحکام بخشے گی۔

تحریک تحفظ پاکستان کرپشن ، رشوت خوری ، بدعنوانی اور غربت کے خاتمے کیلئے نوجوانوں کی قیادت میں انقلاب لانے کے لیے میدان عمل میں آئی ہے عوام محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ووٹ دے کر اقتدار میں لائیں تحریک تحفظ پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل اور امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA-49اسلام آباد ڈاکٹر رفیق احمد غنچہ نے سہالہ میں ایک کاکارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

ایسے لوگ جو کرپشن اور ملک کی بدحالی سے مایوس ہوکرسیاست سے لاتعلق ہو چکے تھے آج ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے تحریک تحفظ پاکستان میں شامل ہورہے ہیں جو اقتدار میں آکر پاکستان کو غیر ملکی قرضوں سے نجات دلائے گی۔

کرپشن ، بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کرے گی ،موجودہ دور میں بے روز گاری انتہا کو پہنچ چکی ہے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ہم معاشی بدحالی کے خاتمہ سمیت اقتدار میں آکر نوجوان کو میرٹ پر روزگار دے گی اور سفارش کلچر کا خاتمہ ہوگا۔