ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جعفر ایکسپریس پر راکٹ حملے کی شدید مذمت

MQM

MQM

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس پر مسلح دہشت گردوں کے راکٹ حملے اور فائرنگ کی شدید مذمت کی اور دہشت گردی کے اس واقعہ میں تین افراد کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر راکٹ اور فائرنگ سے حملہ دہشت گردی ہے اور حکومت بلوچستان اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لے تاکہ مستقبل میں بے گناہ اور قیمتی انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ رابطہ کمیٹی نے جعفر ایکسپریس پر حملے میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا اور شہدا کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی۔

رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ مچھ کے مقام پر روالپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس پر مسلح دہشت گردوں کے حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔ دہشت گردی کے واقعات سے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام اور ممکنہ وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں اور ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔