محرم الحرام کے دوران ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے علم، تعزیہ اور ذوالجناح کے 464 جلوس برآمد ہونگے

جھنگ : شہدا کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے علم،تعزیہ اور ذوالجناح کے 464جلوس برآمد ہونگے جبکہ ایک ہزار624مجالس عزا برپا ہونگی۔محرم کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پنجاب پولیس افسران و عملہ کے ساتھ ساتھ ایلیٹ افسران و اہلکاروں کی بھی ڈیوٹیاں لگا کر حساس مقامات ،مجالس اور جلوسوں کی نگرانی و سیکورٹی کے انتظامات کو جامع پلان کی شکل دے دی گئی ہے۔

اس ضمن میں ضلع کو چار سرکلز میں تقسیم کیا گیا ہے محرم الحرام میں تمام ماتمی جلوسوں اور مجالس کی براہ راست نگرانی ڈی پی او ذیشان اصغر کریں گے۔یہ بات انچارج ایلیٹ ہیڈ کوارٹر محمد سعید چچکانہ نے ایک بریفنگ کے دوران بتائی۔ انہوںنے کہا کہ محرم الحرا م کے دوران کسی شخص کو ضلع کا امن خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی اور جو لوگ شر پھیلانے کے مرتکب ہونگے انکے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔انہوںنے بتایا کہ ان ایام میں ایلیٹ فورس کے دوسب انسپکٹر،نو اے ایس آئی،ایک لیڈی کانسٹیبل،ایک ہیڈ کانسٹیبل اور 87ایلیٹس جوان ہمراہ آٹھ گاڑیوں کے ان کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ اور ڈی پی او کی طرف سے جاری کئے گئے سیکورٹی پلان کو کامیاب بنانے کیلئے کمربستہ ہوکرپولیس کی معاونت کریں گے۔