ملتان : نشتر ہسپتال میں مریضوں کو مفت انسولین کی فراہمی بند

Nishtar Hospital

Nishtar Hospital

ملتان(جیوڈیسک)نشتر ہسپتال ملتان میں داخل شوگر کے مریضوں کو مفت انسولین کی فراہمی بند کر دی گئی ہے جس سے مریض بھی پریشان ہیں اور لواحقین بھی۔ نشتر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے شوگر کے مریضوں کو مفت انسولین فراہم کی جاتی ہے لیکن پچھلے کئی ہفتوں سے انسولین کی فراہمی بند ہے۔

جس کی وجہ سے مریض میڈیکل سٹور سے مہنگوں داموں انسولین خریدنے پر مجبور ہیں پر انتظامیہ کو اس کی ذرا بھی پروا نہیں۔ انتظامیہ کے مطابق فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو انسولین فراہم نہیں کی جا رہی ہے تاہم ہسپتال میں داخل مریضوں کیلئے جلد انسولین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

نشتر ہسپتال میں انسولین کی عدم دستیابی کے باعث شوگر کے ہزاروں مریض مشکلات کا شکار ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے نشتر ہسپتال میں گزشتہ ایک ماہ سے انسولین فراہم نہیں کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے مریض متاثر ہو رہے ہیں۔