بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت میں ٹھن گئی

Municipal Elections

Municipal Elections

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف سیکریٹری اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک سے ملاقات کی اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانے کیلئے تحریری درخواست دی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ قانونی پیچیدگیوں اور انتظامی مسائل کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات 18 جنوری کو ممکن نہیں ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن 18 جنوری کو ہی ہوں گے۔ اس کے بعد سندھ کے نمائندوں نے حکومت سے ہدایات لینے کیلئے جمعرات تک کا وقت مانگ لیا۔

دوسری طرف سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور کنٹونمنٹس میں فروری کے آخر تک بلدیاتی انتخابات کرا دینگے۔

انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ خیبر پختونخوا نے بلدیاتی انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کی درخواست کی ہے۔ نادرا کے پاس ایک بائیو میٹرکس مشین موجود ہے جس کا آئندہ ہفتے عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔